ایجنسیاں 18 مئی /2018
انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں فوجی آپریشنوں کے دوران مسلح شدت پسندوں کی حمایت میں مظاہرہ کرنے والوں کی پے در پے ہلاکتوں کے بعد وادی میں کشیدگی کی سطح بڑھ گئی جس کے بعد وزیراعلی محبوبہ مفتی نے حزب مخالف کی جماعتوں کے ساتھ مشاورت کی اور حکومت سے کہا کہ وہ رمضان کے مہینے میں سیزفائر کا اعلان کرے۔
شروع میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتہ پارٹی (بی جے پی) کے مقامی رہنماوں نے اس تجویز کو مسترد کیا لیکن ایک ہفتے بعد بدھ کے روز بھارت کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا کہ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ نے سیز فائر کے فیصلہ کی اطلاع خود محبوبہ مفتی کو دی ہے۔
محبوبہ مفتی نے اس فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کا شکریہ ادا کیا۔
اس اعلان میں کہا گیا کہ یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا تاکہ مسلمان رمضان کے دوران سکون کے ساتھ روزے رکھ سکیں۔ اعلان میں وضاحت کی گئی ہے کہ اگر فورسز پر حملہ کیا گیا تو وہ جوابی کاروائی کریں گے۔
سیاسی حلقوں نے اس اعلان کا خیر مقدم کیا ہے۔
سابق وزیراعلیِ اور اپوزیشن کے رہنما عمرعبداللہ نے کہا: ‘سبھی سیاسی جماعتوں نے مطالبہ کیا تو دلی نے یہ اعلان کیا۔ اگر اب شدت پسند بھی اس کا مناسب جواب نہیں دیں گے تو وہ ایکسپوز ہوجائیں گے۔’
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس اعلان کے چندگھنٹوں بعد شوپیان کے جنگلات میں فوج اور مسلح شدت پسندوں کے درمیان مختصر تصادم ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ شدت پسند جنگل میں چھپے ہوئے تھے اور انہوں نے فوج پر فائر کیا جسکے بعد ان کا محاصرہ کیا گیا تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
علیحدگی پسندوں کے اتحاد ‘مشترکہ مزاحمتی فورم’ نے ابھی تک سیز فائر کے اعلان پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔
تاہم گزشتہ ہفتے جب کل جماعتی اجلاس کے بعد محبوبہ مفتی نے سیز فائر کے مطالبے پر اتفاق رائے کے بعد نئی دلی سے اپیل کی تو فورم کے ایک رہنما میر واعظ عمر فاروق نے اسے مسترد کیا اور کہا کہ حکومت وقت گذاری سے کام لے رہی ہے۔
دریں اثنا مسلح گروپ لشکر طیبہ کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ غزنوی نے گروپ کے چیف محمود شاہ کا بیان نقل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘راجناتھ سنگھ کا اعلان ڈرامہ ہے۔ ہمارے نزدیک سیزفائر گناہ اور ذلت ہے اور یہ شہدا کے خون سے غداری کے مترادف ہے۔ ہم مزاحمت میں سرگرم تھے اور سرگرم رہیں گے۔’
بیان کے مطابق محمود شاہ کا کہنا ہے: ‘ہم مذاکرات کے حق میں ہیں، لیکن یہ مذاکرات خطے میں فوج کی موجودگی میں نہیں ہوسکتے۔’
تاہم جنوبی کشمیر کے شدید متاثرہ علاقوں میں لوگوں کو توقع ہے کہ رمضان کے دوران انہیں ایک سال سے جاری آپریشن سے نجات ملے گی۔
پلوامہ کے نوجوان راحیل کے بھائی اور ایک کزن تصادم آرائیوں کے دوران فوجی کاروائی میں مارے گئے ہیں۔
راحیل کہتے ہیں: ‘ہم کبھی چین کی نیند نہیں سوتے۔ ہر پل یہ ڈر رہتا ہے کہ فوج تلاشی کے لیے آئے گی۔ اگر یہ اعلان واقعی سچ ہے اور فوج اس پر عمل بھی کرے تو رمضان میں کم از کم سکون ملے گا۔’
تاہم کئی دیگر حلقوں کا کہنا ہے کہ سیز فائر کا اعلان سیاسی ہے اور فوج اپنا کام جاری رکھے گی۔
ترال کے فاروق احمد کہتے ہیں کہ ‘واجپائی کے زمانے میں جو سیزفائر ہوا اس میں بھی لوگ مارے گئے۔ فوج اپنا کام جاری رکھے گی۔ یہ بی جے پی کا سیاسی اتحاد بچانے کی خاطرصرف ایک خوشنما اعلان ہے۔’
واضح رہے کہ سیز فائر کے مطالبے پر نئی دلی کی خاموشی کے بعد کچھ حلقے یہ تاثر دے رہے تھے کہ پی ڈی پی بی جے پی سے سیاسی اتحاد توڈ دے گی۔
بشکریہ بی بی سی اردو
केयर फाउणडेशन द्वारा संचालित:
तपाईंको प्रतिकृयाहरू